راولپنڈی‘ مقامی انتظامیہ نے ڈینگی کیسز میں اضا فے کی ذمہ داری قبول کر لی

بدھ 21 اکتوبر 2015 14:06

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) مقامی انتظامیہ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ڈینگی کی مہم کی تاخیر کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی زاہد سعید کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے خلاف مہم جلد شروع کر دی جائے گی اور وہ جلد ہی ڈینگی وائرس پر قابو پا لیں گے ادھر ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے خلاف مہم مارچ اور اپریل میں شروع ہو جانی چاہئے تھی لیکن یہ رواں سال 15 اگست کے بعد شروع کی گئی دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر ڈاکٹر وسیم احمد اور کنگ ایڈوائزر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے گزشتہ 2 ماہ سے رپورٹ ہونے والے ڈینگی مریضوں کا ریکارڈ کمشنر زاہد سعید کو فراہم کیا فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق تین سرکاری ہسپتالوں میں اگست سے 19 اکتوبر تک 5788 ڈینگی وائرس میں مبتلا مشتبہ مریضوں کو لایا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ مقامی انتظامیہ 31 یونین کونسل کو انتہائی حساس قرار دے رہا ہے حکومت ڈینگی وائرس کو کنٹرول کرنے میں تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے مقامی انتظامیہ نے 6 ٹیمیں سپیشل برانچ‘ 10 زرعی محکمہ سے تشکیل دی ہیں جو کہ ڈینگی کے خلاف مہم میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈینگی کے خلاف اقدامات نہ اٹھانے والے ٹائر شاپس و بلڈنگ مالکان کے خلاف 255 کیسز رجسٹرڈ جبکہ 141 کو گرفتار کر کے 250 بلڈنگ کو سیل اور بھاری جرمانے عائد کئے ہیں۔

راولپنڈی میڈیکل کالج کی رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں ہولی فیملی‘ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور بے نظیر بھٹو ہسپتال میں 20963 مریضوں کو لایا گیا جن میں سے 2149 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی انہوں نے کہا کہ ان میں 6 کی ہولی فیملی جبکہ 1 کی بے نظیر بھٹو ہسپتال میں موت واقعہ ہوئی۔