پنجاب میں تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجود ڈینگی بے قابو ، متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2550سے بھی تجاوز کر گئی

بدھ 21 اکتوبر 2015 14:49

لاہور /ملتان /راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) صوبہ پنجاب میں تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجود ڈینگی بے قابو ، ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2550سے بھی تجاوز کر گئی، راولپنڈی کے ہسپتالوں میں جگہ کے ساتھ عملہ بھی کم پڑگیا ، انتظامیہ نے صورتحال مزید بگڑنے پر تینوں سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ۔پنجاب میں ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ صحت کی تمام ترکوششوں کے باوجود سرکاری ہسپتالو ں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ملتان میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 198تک جا پہنچی۔ملتان اور گرد و نواح میں ڈینگی پر قانو پانے کے لیے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ٹیمیں تو تشکیل دے دی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ڈی سی او آفس میں ڈینگی کنٹرول سنٹر کے قیام کے بعد متعدد ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں لیکن تا حال یہ ٹیمیں ڈینگی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں جس سے شہریوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ڈینگی کی صورتحال بدستور خراب ہوتی جا رہی ہے ،انتظامیہ کی طرف سے انتہائی متاثرہ علاقوں میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے دن میں دو بار اسپرے کے احکامات کے باوجود ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے ،پیر کو 50،منگل کو 90جبکہ بدھ کی دوپہر تک مزید 150مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہونے کے بعد ہسپتالوں میں داخل کر لیا گیا ۔

محکمہ صحت کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں ڈینگی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2350ہو گئی ہے ،مریضوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں ،انتظامیہ نے صورتحال مزید بگڑنے پر تینوں سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ مریضوں کی اتنی بڑی تعداد کے باعث جگہ کم پڑنے کے ساتھ ساتھ عملہ بھی کم پڑ گیا۔اس کے ساتھ لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریض زیر علاج ہے جس کے بعد صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2550سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔