برڈفلو کی تحقیقات، عالمی ادارہ صحت کے ماہرین پاکستا ن کے لیے روانہ

اتوار 16 دسمبر 2007 18:22

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16دسمبر۔2007ء)عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں برڈ فلو کی مکمل تحقیقات کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان روانہ کر دی ہے ۔جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے ترجمان جارج ہارٹل نے کہا کہ ماہرین کی ٹیم اس بات کی تفتیش کرے گی کہ صوبہ سرحد کے علاقے ایبٹ آباد میں دو بھائیوں کی ایچ فائیو این ون وائرس سے ہلاکت اور ان کے دو چچا زار بھائیوں میں اس کی منتقلی کی وجوہات کیا ہیں جبکہ اسی علاقے میں ایک شخص اور اس کا بھتیجا بھی اس بیماری سے متاثر بتایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ مانسہرہ کے ایک شخص پر شبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی اس وائرس کا شکار ہے ۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی مصدقہ رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے کیوں کہ ان میں سے سب افراد کے ابھی تک ابتدائی ٹیسٹ ہوئے ہیں جن میں ان افراد پر بیماری کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ترجمان کے مطابق ماہرین کی ٹیم اس وائرس کی انسان سے انسان میں منتقلی ک پتہ لگائے گی ۔ ایچ فائیو این ون وائرس سے دنیا بھر میں اب تک دو سو آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر کا تعلق جنوب مشرقی ایشیاء اور چین سے ہے ۔