پنجاب ، خیبرپختونخوا کے ہسپتال ڈینگی مریضوں سے بھر گئے ، لاہور میں ایک نوجوان دم توڑ گیا

جمعرات 22 اکتوبر 2015 11:13

پنجاب ، خیبرپختونخوا کے ہسپتال ڈینگی مریضوں سے بھر گئے ، لاہور میں ..

لاہور/ ملتان/ پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سینکڑوں مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ، ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ، لاہور کے جنرل ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی کا مریض دم توڑ گیا۔ملتان میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی تمام کوششوں کے باوجود سرکاری ہسپتانوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 217 تک جا پہنچی۔

ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 198سے بڑھ کر 217 تک جا پہنچی ہے، اس میں مسلسل اضافہ ہی ہو رہا ہے جبکہ محکمہ ہیلتھ کی جانب سے اہم میٹنگ بھی کی جا رہی ہیں۔لاہور میں ڈینگی کا ایک اور مریض دم توڑ گیا ، اسے گزشتہ روز علاج کیلئے جنرل ہسپتال لایا گیا تھا۔ جنرل ہسپتال لاہور میں ھلوکی گاوٴں کا رہائشی 23 سالہ سجاد ڈینگی کے باعث دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق سجاد کی ہلاکت کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ سے ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ، ٹیسٹ کے مطابق ڈینگی کی وجہ سے پلیٹ لیٹس کم ہونے سے موت واقع ہوئی۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد تیرہ سو سے تجاوز کرگئی ، مانسہرہ ڈینگی کے کیسز کے حوالے سے تمام اضلاع میں سر فہرست ہے۔پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں ڈٰینگی کے شبہ میں اب تک چالیس افراد کو داخل کیا گیا ہے جن میں سے بیشترافراد کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بجھوا دیئے گئے ہیں۔

اب تک گیارہ اضلاع میں ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 1339 ہے ، مانسہرہ تمام اضلاع میں سرفہرست ہے جہاں 483 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ایبٹ آباد میں 421 ، ہری پور میں 21 ، ملاکنڈ میں 331 ، سوات میں 25 ، لوئر دیر میں 13 افراد ڈینگی کا شکار ہو کر ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔