لاہور ،ملتان میں خاتون سمیت ڈینگی کے 2مریض دم توڑ گئے، راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی مرض نے جڑیں مضبوط کرلیں

جمعرات 22 اکتوبر 2015 15:04

لاہور /ملتان /راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) پنجاب کے شہر لاہور اور ملتان میں خاتون سمیت ڈینگی کے 2مریض دم توڑ گئے جبکہ راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی مرض نے جڑیں مضبوط کرلیں ، صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2700سے بھی تجاوز کر گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں ڈینگی وائرس کے وار بڑھنے لگے ہیں، راولپنڈی اور ملتان میں مرض نے جڑیں مضبوط کر لی ہیں ۔

جنرل ہسپتال لاہور میں ھلوکی گاؤں کا رہائشی 23سالہ سجاد ڈینگی کے باعث دم توڑ گیا، سجاد کو گزشتہ روز علاج کیلئے جنرل ہسپتال لایا گیا تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سجاد کی ہلاکت کے بعد ٹیسٹ رپورٹ سے ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، ٹیسٹ کے مطابق ڈینگی کی وجہ سے پلیٹ لیٹس کم ہونے سے موت واقع ہو ئی ۔

(جاری ہے)

جبکہ ملتان کے نشتر ہسپتال میں مظفر گڑھ کے نواحی علاقے شہر سلطان کی رہائشی نشاد بی بی دم توڑ گئی ہے ۔

نشتر ہسپتال میں روزانہ 15شہریوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق نے شہر میں خوف ہراس پیدا کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق رواں سال ضلع ملتان میں 397کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 217مریضوں میں مرض کی تصدیق ہوئی ۔ راولپنڈی میں انتظامیہ نے ڈینگی کے حوالے سے اب تک 129افراد کو گرفتار ،250عمارتوں اور کاروباری جگہوں کو سیل ،713ایف آئی آرز اولا کھوں روپے جرمانہ عائد کرنے کے با وجو د بھی ڈینگی کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔

رواں سال کے دوران ڈینگی کے شبہ میں کل پانچ ہزار سات سو اٹھاسی مریض ہسپتالوں میں داخل ہو ئے جبکہ 2420افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کمشنر راولپنڈ ی کے مطابق ڈینگی مچھر کا لاروا گھروں میں پایا گیا ہے جسے شہریوں کے تعاون سے ہی کنٹرول کیا جاسکتاہے۔ملتان اور راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کی جڑیں مضبوط ہوتی جارہی ہیں، رواں برس راولپنڈی میں 2420مریض رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ملتان میں 217، فیصل آباد میں 70،اٹک 35،مظفرگڑھ 32اورلاہور میں 24افراد میں مرض کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2750سے تجاوز کر گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے بھر میں اب تک 8افراد دم توڑ چکے ہیں تاہم محکمہ صحت کی جانب سے اب تک صرف 3ہلاکتوں کی ہی تصدیق کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :