تمام حکمران انصاف پر مبنی فیصلے دیں ، بعض مسلمان استعماری قوتوں کے کہنے پر اپنے ہی بھائیوں‌کو نقصان پہنچا رہے ہیں، آپس کے اختلافات کا خاتمہ کیا جائے، سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبد اللہ کا خطبہ حج

منگل 18 دسمبر 2007 15:05

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2007ء) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ نے تمام ملکوں کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ انصاف پر مبنی فیصلے دیں جس کے ذریعے دنیا میں انصاف قائم کیا جاسکتا ہے۔ بعض مسلمان استعماری قوتوں کے کہنے پر اپنے ہی بھائیوں‌کو نقصان پہنچا رہے ہیں، تمام مسلمان آپس کے اختلافات ختم کرکے ایک ہوجائیں۔

میدان عرفات میں خطبہ حج دیتے ہوئے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ نے کہاکہ اسلام کا نظام عین انصاف پر مبنی ہے جس میں کسی قسم کی سختی نہیں۔ اسلام کی اہمیت کی نفی اور اس کو کمتر قرار دینے والے حق پر نہیں۔ مسلمانوں کو بدنام اور ان کا قتل عام کیا جارہا ہے جو سراسر نا انصافی ہے۔ اسلام آج بڑے سخت آزمائشی دور سے گزررہا ہے۔

(جاری ہے)

دین اسلام سچائی کا حکم دیتا ہے جو ہدایت کا راستہ ہے اورجنت کی طرف لے جاتا ہے۔

تمام مسلمان بھائی آپس میں اختلافات ختم کرنے اورایک دوسرے کی اصلاح کی کوششیں کرتے رہیں اور مسلمانوں کی اجتماعیت کو برقرار رکھیں۔ مسلمانوں کے آپسی اختلافات سے صرف دشمن فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مجرم اور مظلوم کو ایک صف میں کھڑا نہ کیا جائے، ظلم و زیادتی کرنے والوں کا کوئی نام لیوا نہ ہوگا۔ مفتی اعظم کاکہنا تھاکہ مسلمان اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے پیچھے رہے گئے ہیں ، اللہ تعالی کے احکامات کی نافرمانی نہ کرو اگر وہ ناراض ہوگیا تو ہماری جگہ کسی دوسری قوم کو لے آیا گیا۔

اسلام کی تعلیمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام میں سودی نظام کی کوئی گنجائش نہیں۔ حضور پاک ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کیلئے ہے، آپ ﷺ نے اچھائی کی دعوت دی اور برائی سے منع فرمایا ، حیا اور شرم ایمان کا جز ہے ، پردے اور اسلام کے دیگرفرائض کی مکمل پابندی کی جائے۔ دین اسلام اخلاق کی تکمیل کیلئے آیا ہے۔ مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبد اللہ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تاکید فرمائی ۔

اللہ کے رسول ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کیلئے ہے ، تمام مسلمان دین اسلام کے پیغام کو آگے پہنچائیں۔ نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کیاجائے اور جدید علوم سے بھی روشناس کرایا جائے۔ اس موقع پر مفتی اعظم نے حجاج کرام کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور دعا کی۔ خطبے کے آخر میں انہوں نے عالم اسلام ، تمام مسلمانوں ، فلسطین، کشمیر اور دنیا بھر میں ظلم کا شکار مسلمانوں کیلئے بھی دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے بھلائی کا پیغام نشر کرنےوالے چینلز کی ترقی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :