کوہاٹ میں ڈینگی کے باعث چارمریض ہسپتال میں داخل

پیر 26 اکتوبر 2015 13:03

پشاور۔26 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع دیر،سوات اورملاکنڈ کے بعد اب کوہاٹ بھی ڈینگی بخار کے لپیٹ میں آگیا ہے اور ابتدائی طورپر چار مریضوں کو ہسپتال میں داخل کرادیا گیاہے ۔ ڈینگی سے متاثر مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈ میں تمام سہولیات مہیا کر دی گئیں ۔چاروں مثاثرین کا تعلق کوہاٹ کی تحصیل لاچي سے ہے ۔

ڈینگی کا خطرناک وائرس بالآخر کوہاٹ پہنچ ہی گیا اور لاچی تحصیل سے تعلق رکھنے والے چار ڈینگی سے متاثرہ مریض ہمت شاہ ولد محمد ایشاعمر 30سال ،محمد احتشام ولد بشیر بادشاہ عمر 25سال نعیم داد ولد خداداد عمر 51سال اور امیر گل ولد یونس گل عمر 30سال کو کے ڈی اے ہسپتال میں قائم وارڈ میں داخل کرکے ان کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد بھیجوا دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایم ایس کے ڈی اے ہسپتال ڈاکٹر نسیم جان اور میڈیکل آفیسر ڈی ایچ او آفس ڈاکٹر ہارون نے تفصیلات بتلاتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر 11مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈ قائم کر کے اس میں جملہ سہولیات مہیا کر دی گئی ہیں ، تحصیل لاچی میں ڈینگی سپر ے کے کام کا آغاز کیا جا چکاہے ۔تاہم کوہاٹ اور ہنگو میں بھی ہنگامی طور پر سپرے کا کام شروع کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے سہولیات دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام میں ڈینگی سے بچاوٴ کے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی لاچی ،لیاقت ہسپتال اور ڈی ایچ اوآفس میں تربیتی پروگرام بھی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ عوامی شعور اجاگر کرنے کے بارے میں خصوصی مہم کا ٹاسک سوشل ویلفیئر آفس کے حوالے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں ڈینگی سپرے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر نے گذشتہ روز احکامات جاری کیئے تھے مگر سہولیات کے بار ے میں تاحال اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

متعلقہ عنوان :