قوم کی محرومیوں اور خرابیوں کی جڑ بر سراقتدار استحصالی طبقہ ہے جو قوم کا خون چوس رہاہے ۔قاضی حسین احمد ۔۔۔حکمرانوں نے ملک کی آزادی کو امریکہ کے ہاتھ بیچ دیا ہے‘عوام فراڈ انتخابات سے دور رہیں اور ہمارا ساتھ دیں‘نماز عید کے اجتماع سے خطاب

اتوار 23 دسمبر 2007 15:00

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 23. دسمبر2007 ) امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ قوم کی محرومیوں اور خرابیوں کی جڑ بر سراقتدار استحصالی طبقہ ہے ۔جو قوم کا خون چوس رہاہے ۔حکمرانوں نے ملک کی آزادی کو امریکہ کے ہاتھ بیچ دیا ہے ۔امریکی دھمکیوں پر ان کی زبانین گنگ ہیں۔موجود ہ انتخابات ایک فرد کو تقو یت پہنچانے کیلئے امریکی انتظام میں ہور ہے ہیں ۔

عوام فراڈ انتخابات سے دور رہیں اور ہمارا ساتھ دیں تاکہ ملک میں ایسی فضا بن سکے جس کے نتیجے میں آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے ۔موجودہ انتخابات سے تبدیلی کے بجائے آمریت کی جڑیں مضبوط ہوں گی اورسابقہ آمریت کو تقویت حاصل ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز عیدالاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ انتخابات میں جتنی پارٹیاں حصہ لے رہی ہیں ان میں سے کسی کے منشور میں امریکی غلامی سے نجات حاصل کرنے کا کوئی ذکر نہیں ہے ۔امریکہ کھلم کھلا دھمکیاں دے رہاہے کہ وہ کسی بھی وقت پاکستان میں براہ راست فوجی کارروائی کر سکتا ہے اس بارے میں امریکی صدر بش اور دیگر ذمہ داران کے واضح بیانات کئی بار منظر عام پر آچکے ہیں لیکن اس کا کسی نے نوٹس نہیں لیا ۔

پاکستانی حکمران دہشت گردی کے خلاف امریکہ کے فرنٹ لائن اتحادی ہونے کا بڑے فخر سے ذکر کرتے ہیں ‘حالانکہ امریکہ خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے جس نے عراق و افغانستان میں انتہائی مہلک اسلحہ استعمال کرکے لاکھوں انسانوں کا قتل عام کیا ہے اب وہ عراق اور افغانستان میں مصیبت سے دو چار ہے ۔اگر پاکستانی حکومت ان کی مدد نہ کرے اور اپنا ہاتھ اٹھا لے تو وہ افغانستان میں ٹھہر نہیں سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک امریکی غنڈہ گردی اورمداخلت سے تنگ آ چکے ہیں ۔آج ساری دنیا میں فساد کی وجہ امریکہ کی آمرانہ و متشددانہ پالیسیاں ہیں ۔وہ بڑائی کا دعوی کرتا ہے اور دنیا سے اپنی بڑائی منوانا چاہتا ہے ۔دوسروں کو ذلیل کرنا اوران کے وسائل پر قبضہ کرنا اس کا وطیربن چکا ہے ۔اسرائیل کو مسلم دنیا کے سینے میں پیوست کیا ہوا ہے جو امریکی شہ پر روزانہ فلسطینیوں کا قتل عام کر رہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران خود غرض اور مفاد پرست ہیں ۔اپنے مفاد کیلئے انہوں نے پاکستان کا سودا کر رکھا ہے اور ملک کو امریکہ کیلئے ترانوالہ بنا دیا ہے جس کی وجہ سے پوری قوم مصیبت سے دو چارہے ۔قاضی حسین احمدنے کہاکہ آج عوام کے اندر قربانی کا جذبہ موجود ہے ۔خواص میں یہ جذبہ ختم ہو گیاہے۔عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں ۔ان کے لئے صاف پانی نہیں ۔

ان کے بچے علاج اور تعلیم سے محروم ہیں اور ان کا کوئی وارث نہیں ہے۔چند لوگ اپنے آرام و آسائش کی خاطران کا استحصال کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹا اور دولت بیرون ملک منتقل کی ۔ملک سے باہر ان کے محلات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات درست کرنے کیلئے بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام فراڈانتخابات سے دور رہیں اورہمارا ساتھ دیں تاکہ ملک میں ایسی فضا بن سکے جس کے نتیجے میں آزادانہ انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے ۔موجود انتخابات سے تبدیلی کے بجائے آمریت کی جڑیں مضبوط ہو ں گی اور سابقہ آمریت کو تقویت حاصل ہو گی۔