انسداد ڈینگی کے لیے ہر شعبہ زندگی کے افراد کو اپنا کردار نبھانا ہوگا ‘سیکرٹری ماحولیات

جمعہ 30 اکتوبر 2015 14:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اکتوبر۔2015ء) صوبائی سیکرٹری ماحولیات اقبال محمد چوہان نے صوبہ بھر کے ضلعی افسران کو ہنگامی بنیادوں پر انسداد ڈینگی کارروائیاں کرنے اور اپنے متعلقہ علاقوں میں واقعہ ٹائرشاپس، کباڑخانوں و گوداموں ، نرسریوں اور زیرتعمیرعمارتوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، ڈینگی انفرادی نہیں اجتماعی مسئلہ ہے جسے عوام کی بھرپورشرکت کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا ،زندگی کے تمام شعبوں سے متعلق افراد کو آگے آکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، اگر ہرشخص اپنے گھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد کویقینی بنائے تو کوئی وجہ نہیں کہ اس موذی مرض پرقابو نہ پایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں ڈینگی کے انسداد بارے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈائریکٹر انسداد ڈینگی اورتمام متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور ملتان میں انسداد ڈینگی کارروائیوں پرزیادہ فوکس کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں متعلقہ افسران کو ہرممکن وسائل فراہم کردیئے گئے ہیں ۔

اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی کہ محکمہ ماحولیات کے انسداد ڈینگی سکواڈز صوبہ کے بڑے اضلاع فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ ، ملتان اور راولپنڈی میں یکم جنوری 2015سے اب تک 18738ٹائرشاپس، 11887 گودام وکباڑخانے،2018یونین کونسل کی مختلف جگہیں،2200نرسریوں کو چیک کرچکے ہیں اور ڈینگی قوانین کے تحت اب تک 4157نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں اور348مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

212جگہوں پر لاروا پائے جانے پر 238عمارتوں و کمرشل جگہوں کوسیل کیا جاچکا ہے جبکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بننے والی 29671پوائنٹس کو ہٹایا گیا ہے۔ اقبال محمد چوہان نے افسران پر زوردیا کہ کہ ڈینگی کے زیادہ تر کیسز ملتان اورراولپنڈی میں رپورٹ ہورہے ہیں اس لئے وہاں انسداد ڈینگی کارروائیوں پر زیادہ توجہ دی جائے اور کسی بھی قسم کی دشواری کی صورت میں ان سے فوری رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ڈینگی کے خاتمے کا تہیہ لئے ہوئے ہے ۔انسداد ڈینگی سکواڈز اس ضمن میں اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے ہرممکن اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں زیرتعمیر عمارتوں کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں ۔انہوں نے زیرتعمیر عمارتوں کے مالکان و کنٹریکٹرز کو تنبیہ کی کہ وہ ہر دوسرے روز ذخیرہ کردہ پانی کو ضائع کردیں تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش نہ ہوسکے۔