اخوت ہیلتھ سروسز اور پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے زیر اہتمام چوتھے سالانہ تین روزہ فری میڈیکل اینڈ آئی کیمپ کا انعقاد

بدھ 4 نومبر 2015 14:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4 نومبر۔2015ء)اخوت ہیلتھ سروسز اور پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ڈیرہ وہاب کا چوٹ دھیراں میں منڈی بہاؤالدین کے سب سے بڑے چوتھے سالانہ تین روزہ فری میڈیکل اینڈ آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔۔کیمپ میں ارد گرد کے دیہات اور گرد و نواح سے5ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی اور بالکل مفت چیک اپ کرایا جبکہ ادویات اور آنکھوں کے آپریشن سے مستفید ہوئے۔

فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح معروف سماجی شخصیت اور چیئرمین پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ ناصر عباس تارڑ اور پاکستان میں ترک این جی او کمسے یوکمو کے کنٹری ڈائریکٹر از جان انان نے کیا۔کیمپ میں لاہور،منڈی بہاؤالدین ‘گجرات اور اسلام آباد کے ڈاکٹرز پر مشتمل ماہر ٹیموں نے بھر پور انداز سے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس سال منعقد ہونے والے کیمپ میں ڈاکٹر آکاش لال کی سربراہی میں200سے زائد سفید موتیا کے مفت آپریشن فولڈ ایبل لینز کئے گئے جبکہ3000 افراد کا چیک اپ اور مفت عینکیں اور ادویات بھی دی گئیں۔

پاکستان کلفٹ لپ ہاسپٹل گجرات نے8ایسے بچوں کے آپریشن کی ذمہ داری لی جو کٹے ہونٹ و تالو والے تھے۔ڈاکٹراظہارالحق ہاشمی،ڈاکٹرطاہررسول،ڈاکٹرفوزیہ معین،ڈاکٹرسیدعمران مرتضٰی،ڈاکٹرخاورعباس،ڈاکٹروسیم عباس ‘ڈاکٹر مہوش رشید‘ڈاکٹر واصف نوراور ڈاکٹر سدرہ امتیاز نے شوگر وکولیسٹرول ،جگرو معدہ،جلدی امراض،ہڈیوں،فالج،لقوہ،جوڑوں کے درد،کمردرد،دل کے امراض اور ذہنی امراض میں مبتلا ہزاروں افراد کا معائنہ،ٹیسٹ اور سکریننگ کی۔

کیمپ میں ترک این جی او کمسے یوکمو‘پاکستان کلفٹ لپ ہاسپٹل‘ہلال احمر نے بھی اپنی خدمات سر انجام دیں۔کیمپ کی اختتا می تقریب میں ایم این اے ممتازاحمد تارڑنے خصوصی طور پر شرکت کی اور ڈاکٹروں میں شیلڈز اور فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کے افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔