امریکی ماہرین نے خراٹے سے بچانے والا آلہ تیار کرلیا

بدھ 11 نومبر 2015 13:07

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) بہت سے لوگ زور دار خراٹے لیتے ہوئے گھوڑے بیچ کر سوتے ہیں لیکن ان کے یہ خراٹے ساتھ سونے والے کی نیند حرام کردیتے ہیں جس سے اکثر لوگ پریشان رہتے ہیں لیکن اب یہ پریشانی ختم ہوگئی ہے اورایسا آلہ تیارکرلیا گیا ہے جو خراٹے لینے والے کو اس طرح سے آگاہ کرے گا کہ اس کی نیند بھی خراب نہیں ہوگی اور خراٹے بھی بند ہوجائیں گے۔

سان فرانسیسکو کی کمپنی کا تیار کردہ یہ آلہ جسے ”نورا“ کا نام دیا گیا ہے خراٹوں سے نجات دلا کر پرسکون نیند فراہم کرتا ہے جب کہ اس آلے کو خراٹے لینے والے شخص کے تکیے نیچے رکھ دیا جاتا ہے اور جیسے ہی وہ خراٹے لینے لگتا ہے یہ آلہ آہستہ سے اس کو اس طرح ٹچ کرتا ہے کہ اس کی نیند بھی خراب نہیں ہوتی اور خراٹے بھی بند ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس آلے میں لگے مائیکرو فون خراٹوں کی آواز کو سنتے ہیں اور اس کے سگنلز روئی سے بنے تکیے تک پہنچا دیتے ہیں جو خراٹے لینے والے کو ہلکا سا ٹچ کرتے ہیں لیکن یہ ٹچ اتنا سخت نہیں ہوتا کہ سونے والے کی نیند خراب ہو لیکن خراٹوں کو روک دیتا ہے۔

اس آلے کی لمبائی 8 سینٹی میٹر ہے جسے بیڈ سائیڈ میز پر رکھا جاتا ہے جو بغیر کسی تار کے یعنی وائر لیس کی طرز پر کام کرتا ہے اور اس میں لگے مائیکروفون کو خراٹے لینے والے شخص کے تکیے کے نیچے رکھے گئے کشن کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔ جیسے ہی خراٹے کی آواز اس سے ٹکراتی ہے تو تکیے کے نیچے رکھا ہوا کشن خراٹے لینے والے کو نرمی سے ٹچ کرتا ہے جس کے بعد اس کے خراٹے بند ہوجاتے ہیں۔

آلے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ”نورا“ انتہائی نرمی اور خاموشی سے خراٹے لینے والے کے سر کو لائیٹ ویٹ کا استعمال کرتے ہوئے حرکت دیتا ہے جو گلے کے آرام کرنے والے پٹھوں کو حرکت دیتا ہے جس کے نتیجے میں ایئر ویز اپنی نارمل پوزیشن پر آجاتے ہیں اور انسان ایک بار پھر عام طریقے سے سانس لینے لگتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ابتدا میں صارفین کو یہ آلہ 2 ہفتوں سے لے کر 4 ماہ تک استعمال کرایا گیا جس کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ اس کو استعمال کرنے والوں نے پرسکون نیند حاصل کی۔