بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کے قومی فریضہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی سی اونورالامین مینگل

جمعرات 12 نومبر 2015 14:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) ضلع میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کے قومی فریضہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس ضمن میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔یہ بات ڈی سی اونورالامین مینگل نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

محکمہ صحت کے افسران ،اسسٹنٹ کمشنرز،پختون آبادیوں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے اہداف کے سو فیصد نتائج حاصل ہونے چاہیں اس سلسلے میں پولیو ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو تلاش کرکے انہیں حفاظتی قطرے پلائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پولیو مہم پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کے لئے ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت مختلف علاقوں کا بھی اچانک دورہ کریں گے اور اگر کسی جگہ کوئی غیر ذمہ داری پائی گئی تو متعلقہ ٹیم اور ایریا انچارج کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنرز کو مہم کو نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر بچوں کوپولیو قطرے پلانے سے متعلق تصدیق کریں۔اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے مہم پر عملدرآمد سے آگاہ کیا۔