قبل از وقت پیدائش کی ایک بڑی وجہ بچوں میں مناسب وقفہ نہ ہونا ہے‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

منگل 17 نومبر 2015 12:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 نومبر۔2015ء)صوبائی وزیر بہبود آباد ی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ قبل از وقت پیدائش کی ایک بڑی وجہ بچوں میں مناسب وقفہ نہ ہونا ہے، بچوں میں مناسب وقفہ اور فیملی پلاننگ پر عمل ہی درحقیقت ماں اور بچے کی اچھی صحت کے ضامن ہیں کیونکہ خاندانی منصوبہ بندی کے ذریعے ہی زچہ و بچہ کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے قبل از وقت پیدائش کے عالمی دن کے موقع پر ڈاکٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے ذہنی اور جسمانی طور پر کمزور ہوتے ہیں جس سے انہیں زندگی گزارنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ انہوں نے کہا کہ متواتر حمل کے ہوجانے سے ماں کی تولیدی صحت متاثر ہوتی ہے جو بعض اوقات پری میچور ڈلیوریز کی وجہ بنتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر ارادی طور پر متواتر حمل کا ہوجانا خاندان کے اوپر بوجھ بن سکتاہے اور اس کے نتیجے میں ماں اور بچے کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق جاری آگاہی مہم کے ذریعے ایسے مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی بدولت خاندانوں کو یہ موقع ملے گا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق بچوں کی پیدائش اور وقفے کے بارے میں صحیح فیصلہ کرسکیں گے تاکہ ماں اور بچے کی شرح اموات میں اضافہ پر قابو پایا جاسکے اور خاندانوں کی صحت اور بہبود میں بہتری آئے۔