انسانی جسم میں دہی توانائی کا موثر ترین ذریعہ ہے،ماہرین طب

جمعہ 20 نومبر 2015 12:45

انسانی جسم میں دہی توانائی کا موثر ترین ذریعہ ہے،ماہرین طب

لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ دہی میں موجود بیکٹیریا انسانی جسم میں صحت خراب کرنے والے بیکٹریوں کا خاتمہ کرتے ہیں اور دہی توانائی کا موثر ترین ذریعہ ہے۔یہ بات علاج بالغذا کے ماہر طبیب حکیم اللہ دتہ امرتسری نے بتا ئی۔انہوں نے کہاکہ جسم کے مدافعتی نظام کو درست کرنے کے لئے اور معدے کی تیزابیت کے خاتمے سمیت ٹھنڈک کے احساس کے لئے دہی کا استعمال اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسہال کی صورت میں دہی کا استعمال انتہائی فائدہ مند ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دہی چہرے کی رنگت کو نکھارتا ہے بالخصوص نوجوان بچیوں اور بچوں میں ہارمونز کی تبدیلی سے ہونے والے کیل مہاسوں اور دانوں سمیت الرجی کے متعدد مسائل سے نجات دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہی تازہ اور صاف استعمال کیا جائے تو بہتر ہے۔کھٹی دہی ماسک یا ابٹن کے طور پر استعمال میں لایا جائے تو اس کے نتائج بہتر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلدی امراض بالخصوص بچوں میں جلدی خارش‘چھوٹے چھوٹے دانوں کے نکلنے سے نجات کے لئے دہی کا استعمال بڑھا لینا چاہیے اور علاج کے لئے ادویات کے بیرونی استعمال کو جاری رکھنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔