صحت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں ، سردار عتیق

منگل 8 جنوری 2008 17:14

مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08. جنوری2008 ) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آزاد خطے میں لوگوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بجٹ کا خطیر حصہ خرچ کررہی ہے جس سے شہری آبادی کے علاوہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں کے عوام مستفید ہونگے ، عباس انسٹیٹیوٹ کے معانئے کے دوران دی جانے والی بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ، دیہی آبادی کو ادویات کی فراہمی کے علاوہ کوالیفائڈ ڈاکٹروں کی سہولتیں میسر آئیں گی ، انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقے میں تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کو خصوصی پیکج دیا جارہا ہے جس سے عوام کو ان کے گھروں کے قریب جدید طبعی سہولتیں مل سکیں گی ، وزیر اعظم نے عباس انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبے دیکھے ، انہوں نے میر محمد شفیع ایڈووکیٹ کے علاوہ مسلم کانفرنس وادی نیلم کے صدر ملک یاسین خان کے بیٹے ملک سرور اعوان کی عیادت کے علاوہ فردا فردا دیگر مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال کی انتظامیہ کو ان کے علاج معالجے کیلئے تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی وزیر اعظم نے بعد میں سی ایم ایچ جا کر مشہور عالم دین علامہ سید غلام یاسین شاہ کی عیادت کی بعد میں وزیر اعظم گوجرہ کے مقام پر مسلم کانفرنس کے بزرگ رہنما بشیر احمد گیلانی کی عیادت کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ، وزیر اعظم نے مظفر آباد شہر کا بھی دورہ کیا اور صحت وصفائی کے علاوہ لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہی بھی حاصل کی اور موقع پر انتظامیہ کو عوامی مسائل حل کرنے کی ہدایت کی بعد میں وزیر اعظم شہر کے مضافاتی علاقے رنجاٹہ بھی گئے جہاں انہوں نے محکمہ پولیس کے بجٹ آفیسر اورنگزیب خان کے والد اور سابق کونسلر سائیں خان کے بھائی کی تعزیت کی اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر سماجی بہبود شمیم علی ملک چیئر مین معائنہ عملدرآمد کمیشن حاجی سردار گل خنداں ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ تنویر الحسن گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ امتیاز احمد اور کارکنوں کی بڑی تعداد وزیر اعظم کے ہمراہ تھی ۔