اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کے تین اراکین کا راولپنڈی جنرل اسپتال کا دورہ ، ستائیس دسمبر کو محترمہ بے نظیر بھٹو کو طبی امداد دینے والے ڈاکٹرز سے بریفنگ لی

اتوار 13 جنوری 2008 14:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری۔2008ء)بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کیس کی تحقیقات کے لئے پاکستان آنے والی اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کے تین ارکان نے آج پہلی مرتبہ راولپنڈی جنرل اسپتال کا دورہ کیا۔ جہاں محترمہ بے نظیر بھٹو کو ستائیس دسمبر کے روز طبی امداد کیلئے لایا گیا تھا۔ غیر ملکی ٹیم بے نظیر بھٹو شہید کے پوسٹ مارٹم کیے جانے سمیت ان کی وجہ موت اور طبی امداد دینے کے حوالے سے جائزہ لے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی ماہرین نے اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر حبیب سمیت دیگر ڈاکٹروں سے سانحے کے روز طبی امداد سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ٹیم کے ارکان شعبہ حادثات بھی گئے جہاں محترمہ بے نظیر بھٹو کو انتہائی تشویشناک حالات میں لایا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی ماہرین نے شعبہ حادثات کی مختلف زاویوں سے تصاویر اور ویڈیو بھی بنائی۔ اس سے پہلے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے لیاقت باغ کے اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں بے نظیر بھٹو پر حملہ کیا گیا تھا۔ غیر ملکی ٹیم گردو نواح کی عمارتوں کا بھی باریک بینی سے مشاہدہ کررہی ہے ۔