حکومت نے تعلیم اور صحت کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر مہیا کر نے کا تہیہ کر رکھا ہے، نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو

پیر 14 جنوری 2008 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری۔2008ء) نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک بھر کے تمام علاقوں کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کر نے کا تہیہ کر رکھا ہے انہوں نے یہ بات پیر کو نیشنل کمیشن آف ہیو من ڈویلپمنٹ کے موجودہ منصوبوں اور اب تک حاصل ہو نے والی کامیابیوں کے بارے میں دی گئی پریذنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کہی وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت نے صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں کو ماضی میں بڑی اہمیت دی ہے اور وہ عوام کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے کام جاری رکھے گی اور ان کے لئے ملازمتوں اور روز گار کے مواقع بڑھائے جائیں گے وزیر اعظم نے کہاکہ انسانی ترقی کے قومی کمیشن کے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عوام میں پانی اور توانائی کی بچت کر نے کے پیغام کو بھی پھیلانا چاہیے تاکہ ملک توانائی اور پانی کی کمی کے مسئلہ پر قابو پا سکے ۔

(جاری ہے)

کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر نسیم اشرف نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کمیشن اپنے کل وسائل کا تقریباً نصف حصہ تعلیم کے شعبہ پر خرچ کر تا ہے اور اس کی کوششوں سے سات سے نو سال تک کی عمر کے تقریباً 80لاکھ بچوں کو پانچ سال کے عرصہ میں سکولوں میں داخل کروایا گیا ہے اور کمیشن نے گزشتہ پانچ سالوں میں ملک بھر میں بیس ہزار فیڈر سکولز قائم کئے ہیں جبکہ تعلیم بالغان کا پراجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے اس اجلاس میں نگران وزیر صحت اعجاز رحیم اور سیکرٹری خزانہ نے بھی شرکت کی ۔