اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی کاپیاں تمام سینیٹرز میں تقسیم کرنے کی ہدایت،گرین ایریا میں 42 منزلہ عمارت تعمیر کرنا اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی ہے‘ بابر اعوان کا نکتہ اعتراض،فائر بریگیڈ کے پاس 11 منزلہ عمارت تک پہنچنے کے آلات ہیں لیکن اجازت 42 منزلہ کی دی گئی‘ لیاقت بنگلزئی

منگل 19 ستمبر 2006 14:18

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) سینٹ کے قائم مقام چیئرمین جان محمد جمالی نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی کاپیاں منگوا کر تمام سینیٹرز میں تقسیم کی جائیں یہ ہدایت انہوں نے منگل کو سینٹ کے اجلاس میں دی اس سے قبل پی پی پی کے سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اسلام آباد کے مختلف تھانوں کی حدود میں گزشتہ ایک ہفتے میں گیارہ قتل ہوئے ہیں مگر ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا شہریوں کے تحفظ پر توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بڑے چلڈرن ہسپتال کے سامنے گرین ایریا میں رہائشی علاقوں کے سامنے 42 منزلہ عمارت بنائی جارہی ہے جو اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی ہے ایم ایم اے کے سینیٹر لیاقت بنگلزئی نے کہا کہ فائر سروسز انتظامیہ کے پاس گیارہ منزل تک پہنچنے کے آلات ہیں جبکہ اجازت 42 منزلہ عمارت کی دی گئی ہے اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ ظفر اقبال وڑائچ نے کہا کہ اس حوالے سے تمام تفصیلات اکٹھی کرکے آئندہ ورکنگ ڈے پر ایوان میں پیش کرونگا انہوں نے کہا کہ زلزلہ سے نمٹنے کے لئے کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کررہے ہیں اور اس حوالے سے عمل درآمد جاری ہے سینیٹر پری گل آغا نے کہا کہ 42 منزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ وزیر مملکت کو معلوم ہی نہیں ہے بیوروکریسی اتنی تیز ہے کہ اپنی فائل تیار کرکے دستخط کے لئے وزراء کے سامنے کردیتی ہے اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین جان محمد جمالی نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی کاپیاں منگوا کر سینیٹرز میں تقسیم کی جائیں۔