دھوپ سرطان لاحق ہونے کے خطرات کم کرنے میں معاون ہے۔ طبی ماہرین

جمعہ 25 جنوری 2008 14:03

اوسلو (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 25. جنوری2008 ) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی کے شکار افراد کیلئے سرطان سے بچاؤ کے سلسلہ میں اعتدال سے دھوپ میں رہنا مفید ہوتا ہے۔ خاص طور پر شمالی استوائی ٹھنڈے علاقوں میں رہنے والوں کو سرطان سے بچنے کیلئے وٹامن ڈی کے حصول کیلئے دھوپ میں بھی کچھ دیر کیلئے بیٹھنا چاہئے۔ طبی ماہرین نے تحقیق کے حوالہ سے بتایا ہے کہ وٹامن ڈی کی مقدار جسم میں مناسب طور پر رکھنے والوں میں سرطان سے بچاؤ اور مرض لاحق ہونے کی صورت میں زندہ رہنے کی شرح وٹامن کی کمی کے شکار افراد کی نسبت زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

یورپی ممالک کے ماہرین نے اس ضمن اعدادوشمار اورمختلف طبی مراکز سے حاصل کردہ معلومات کی روشنی میں کہا ہے کہ وٹامن ڈی دھوپ والے گرم علاقوں کے عوام میں زیادہ پایا جاتا ہے اس لئے ان علاقوں کے افراد میں جلد کے سرطان کی شرح بہت کم ہوتی ہے جبکہ شمالی استوائی ٹھنڈے علاقوں کے باشندوں میں وٹامن ڈی کی مقدار کم ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سرطان خاص طور پر جلد کے سرطان کی شرح زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین قبل ازیں کی جانے والی تحقیق میں یہ بات پہلے ہی معلوم کرچکے ہیں کہ وٹامن ڈی خلیوں کو بے رابط طور پر پیدا نہیں ہونے دیتا جبکہ یہ وٹامن رسولیوں کو غذا فراہم کرنے والی خون کی نئی رگیں بنانے میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ واضح رہے کہ وٹامن ڈی دھوپ کے علاوہ مچھلی کے جگر کے تیل، دودھ وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔