ہیپاٹائٹس کی تشخیص اور معائنہ کیلئے ڈاکٹر ناصر صدیق 20دسمبر کوفری میڈیکل کیمپ لگائیں گے

جمعرات 17 دسمبر 2015 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17دسمبر۔2015ء) ہیپاٹائٹس بی ،سی کی تشخیص اور معائنہ کیلئے 20 دسمبر بروزاتوارصبح دس بجے فری میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا جس میں میڈکل سپیشلسٹ ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر محمد ناصر صدیق مریضوں کا فری چیک اپ کرنے کے بعد ہیپاٹائٹس کے مرض کے متعلق آگاہی، حفاظتی تدابیر اور علاج کے بارے میں آگاہ کریں گے، ڈاکٹر محمد ناصر صدیق نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس ایک موذی اور مہلک مرض ہے جو نشہ آور اشیاء اور غیر ضروری ادویات سمیت مرغن غذاوٴں کے کھانے سے پھیلتا ہے، انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائٹس کے لفظی معنی جگر کی سوزش کے ہیں جو ایک متعدی مرض ہے اور عام طور پر اس کو اے بی سی ڈی اور ای میں تقسیم کیا گیا ہے، ملک کا ہر دسواں شخص ایک یا دوسری قسم کے ہیپاٹائٹس سے متاثر ہے تاہم ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا مریضوں کا بروقت مریضوں سے معالج سے رجوع بھی اشد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی بڑی وجہ آلودہ پانی، مضر صحت خوراک کا استعمال، انتقال خون،آلودہ سرنج کا استعمال، آلودہ آلات جراحی، دندان سازی، بے راہ روی، بیوٹی پالر کے آلودہ اوزار اور دوسرے اشخاص کی استعمال شدہ اشیاء جن میں مسواک، ٹوتھ برش، استرا، بلیڈ کے استعمال سے یہ مرض پھیلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اقسام زیادہ خطرناک ہیں۔

پاکستان میں ہر سال تقریباً ڈیڑھ لاکھ ا فراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ تقریباً ڈھائی لاکھ کے قریب افراد اس مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ عام طور پر بھوک کا نہ لگنا، تھکاوٴٹ، متلی، پٹھوں و جوڑوں کا درد، آنکھوں کی پیلاہٹ، خون کی الٹی، غنودگی یا پھر مکمل بے ہوشی وغیرہ اس مرض کی علامات ہیں اور ایسی صورت میں مریض کو چاہیے کہ وہ اپنے معالج سے مشاورت کر کے علاج پر توجہ دے ۔ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو چاہئے کہ اپنا وزن مناسب رکھیں اورجن لوگوں کی انفیکشن ابتدائی مراحل میں ہے ان کے لئے کھانے پینے کی بابت کوئی خاص پابندی نہیں ہے۔