استعمال شدہ سرنج سے ہیپاٹائٹس سی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، صوبائی سیکرٹری صحت

منگل 19 ستمبر 2006 19:10

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) صوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشاد اے شیخ نے کہا ہے کہ طبی آلات کی بیرون ملک برآمد خوش آئند اور ملکی معاشی ترقی میں مدد گار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں پہلی بار کوریا کے تعاون سے آئی وی کینولا و طبی آلات بنانے والی کمپنی سلور سرجیکل کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا۔ نوشاد شیخ نے کمپنی کے مختلف شعبے دیکھے، اس موقع پر سلور سرجیکل کمپنی کے ایم ڈی جمشید احمد چاندی والا نے نوشاد شیخ کو بتایا کہ فیکٹری میں آئی وی کینولا کے علاوہ دیگر طبی آلات بنائے جاتے ہیں جوکہ ISO معیار کے ہوتے ہیں اور کمپنی کے بنائے ہوئے آئی وی کینولا دنیا کے بیشتر ممالک کو برآمد کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ سرنج سے ہیپاٹائٹس سی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور یہ گھناؤنا کاروبار اس وقت عروج پر ہے ایک بہت بڑا گروپ ایسا ہے جوکہ استعمال شدہ سرنجوں کو سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں، ڈسپنسریوں اور کلینکس سے لے کر دوبارہ استعمال کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موت کے ان سوداگروں کے خلاف جہاد میں ہمارا ساتھ دیں، انہوں نے کہا کہ غیر معیاری سرنجوں سے دنیا میں ہر سال لاکھوں افراد ہیپاٹائٹس B اور C کا شکار ہورہے ہیں، بعد ازاں صوبائی سیکریٹری صحت نے سالانہ بہتر کارکردگی پر سلور سرجیکل کمپنی کے ملازمین شیلڈ و تعارفی اسناد تقسیم کیں۔