پاکستان اور بحرین میں صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جدید میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے جلد ہی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے،وزیر مملکت قونی صحت کی بحرین کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو

منگل 22 دسمبر 2015 18:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 دسمبر۔2015ء) پاکستان اور بحرین نے صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاہے ۔ یہ اتفاق وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ اور بحرین کے سفیر کے درمیان یہاں اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیاگیا ۔ وزیر قومی صحت نے بحرین کے بادشاہ کا پاکستان کے دورے کا حوالہ دیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان میں ایک جدید میڈیکل یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی تھی ، وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے قیام سے طبی شعبے میں جدید ترین طور طریقے اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی جس سے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید تعلیم سے آراستہ افرادی قوت میسر ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

دونوں شخصیات نے اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائز لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس سلسلے میں جلد ہی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے اور جلد اس منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر قومی صحت نے بحرین کے سفیر کو بتایا کہ وزیر اعظم کے وژن کے تحت ہم ملک کے غریب ترین خاندانوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلہ میں 23 اضلاع میں 32 لاکھ خاندانوں کو خصوصی کارڈز کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے وہ خاندان سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان پاکستان بحرین میں صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :