کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات سرطان سے بچانے میں معاون ہو سکتی ہیں۔ طبی ماہرین

منگل 29 جنوری 2008 14:45

شکاگو (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین29 جنوری2008 ) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات کا استعمال کینسر سے بچانے میں معاون ہو سکتا ہے۔ حال ہی میں امریکہ کے طبی ماہرین اور ماہرین ادویات کی مشترکہ تحقیق کے دوران پتہ چلا ہے کہ کولیسٹرول میں کمی کرنے والی سٹیٹینز نامی ادویات جن میں سمووٹن، اٹورولیٹین، سٹوروس، لیپورسٹ وغیرہ شامل ہیں، استعمال کرنے والے کسی حد تک سرطان کے مرض سے محفوظ رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین نے اس بارے میں تصدیق کیلئے امریکہ کے ویٹرنز افیئرز ایڈمنسٹریٹو اور کلینیکل اعدادوشمار کا مطالعاتی جائزہ لیا اور دو گروپوں کا تحقیق کیلئے آپس میں موازنہ کیا۔ ان میں سے ایک گروپ میں ہائی بلڈپریشر کے باعث کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے 28000 مریض تھے جبکہ دوسرے گروپ میں 27 ہزار ایسے افراد تھے جو کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات استعمال نہیں کرتے تھے۔ ماہرین نے ان افراد کی پانچ سالہ میڈیکل ہسٹری کا بھی مطالعہ کیا اور ان کی عمریں اوسطاً 66.5 سال تھیں۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق سٹیٹنز استعمال کرنے والوں میں سرطان لاحق ہونے کی شرح 9.4 فیصد جبکہ کولیسٹرول کم کرنے والی سٹیٹنز ادویات استعمال نہ کرنے والوں میں یہ شرح 13.2 فیصد پائی گئی۔