وزیراعلیٰ پنجاب کو خناق سے بعض بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش

بچوں کی زندگیوں کے معاملے میں دوائی منگوانے میں تاخیر اور لاپروائی مجرمانہ غفلت ہے ،شہبازشریف خناق کے باعث بعض بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہوا ہے: وزیراعلیٰ ،انکوائری جلد مکمل کرنے کی ہدایت

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 23 دسمبر 2015 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔23 دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خناق کے باعث بعض بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو انکوائری جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خناق کے باعث بعض بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور صدمہ ہوا ہے اور ایسی غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ نے بروقت خناق کی دوائی کی خریداری نہ کرنے پر متعلقہ اداروں کے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ خناق کی دوائی کی خریداری میں تاخیرناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

سٹاک ختم ہونے سے قبل خناق کی دوائی منگوانے کا انتظام کیوں نہیں کیا گیا؟ بچوں کی زندگیوں کے معاملے میں دوائی منگوانے میں تاخیر اور لاپروائی مجرمانہ غفلت ہے اور ایسی سنگین غلطی کا کسی طرح بھی جواز قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا نہیں کیں اور انکوائری رپورٹ میں جو بھی ذمہ دار ہوا ، سزا سے نہیں بچ پائے گا۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، ڈی جی ہیلتھ پنجاب، چلڈرن ہسپتال ، الائیڈ ہسپتال کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :