پاکستانی کاروباری طبقے کو روسی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔روسی سفیر ۔۔۔ پاکستانی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار کی بدولت روسی مارکیٹ میں باآسانی جگہ بناسکتی ہیں‘لاہور چیمبر کے صدر سے ملاقات

جمعرات 31 جنوری 2008 16:35

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جنوری2008 ) روس کے سفیر مسٹر سرجی پریسکوونے کہا ہے کہ پاکستانی کاروباری طبقے کو روسی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ وہاں حقیقی کاروباری افراد کیلئے بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ پاکستان کی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار کی بدولت روسی مارکیٹ میں باآسانی جگہ بناسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد علی میاں سے لاہور چیمبر میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں مظفر علی اور نائب صدر شفقت سعید پراچہ بھی موجود تھے۔ مسٹر سرجی پریسکوو نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی روسی کاروباری افراد مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روس میں پاکستانی تاجروں کے لیے بہت کچھ ہے جبکہ پاکستانی تاجر روس سے صنعتی یونٹس کے لیے ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کے متعلق بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ملک قدرتی وسائل سے مالامال اور کاروبار دوست پالیسیاں نافذ ہیں اور یہ بہترین وقت ہے کہ پاکستانی تاجر وہاں موجود تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ بالخصوص توانائی کے موجودہ بحران کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ یہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ ہے۔ پاور پلانٹس کی تعمیر کے لیے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں صورتحال مثبت رُخ اختیار کرے گی۔ روسی سفیر اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد علی میاں نے دونوں ممالک میں سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کے علاوہ پاک روس بزنس کونسل کے قیام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد علی میاں نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :