ملک بھرمیں جاڑاعروج پرپہنچ گیا ، موسمی بیماریوں میں اضافہ

جمعرات 31 دسمبر 2015 11:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء )ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں کالی گھٹاوٴں کا راج تو کہیں برفیلی ہوائیں شہریوں کا خون جما نے لگیں جبکہ میدانی علاقوں میں خشک ہوائیں چلنے سے موسم مزید خشک ہوگیا ،محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ملک کے بالائی علاقے ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ۔

گلگت بلتستان میں استور ،غذر ، دیامر اورا سکردو سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں ۔شدید سردی سے سڑکیں سنسان جبکہ ندی نالوں میں بہنے والا پانی بھی برف کی شکل اختیار کرگیا ۔چترال کے بیشترمقامات میں موسم ابر آلود رہا۔ قبائلی علاقے پارا چنار میں موسم بے انتہا ٹھنڈا ہوگیا۔

(جاری ہے)

سوات ، کالام کے پہاڑوں کی برفیلی ہواوٴ نے شہریوں کو گھروں کے اندور محصور کردیا ۔

بلوچستان کے علاقے بھی کڑکڑاتی سردی کی لپیٹ میں آگئے ۔ ادھر ملک میدانی علاقوں ، سندھ ، پنجاب میں خشک سردی جاری رہی۔ بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو نے لگا۔ سکردو منفی 14، پاراچنار، استورمنفی 9 ، گوپس منفی 7، ہنزہ منفی 6، گلگت، قلات منفی 4 ،دیر، کوئٹہ منفی 3، دالبندین، راولاکوٹ، ژوب منفی 2، مری، رسالپور، قلات میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔تاہم مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے۔ اس کے علاوہ صبح کے وقت پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔