غریب عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا وزیراعظم نواز شریف کا خواب تھا،سائرہ افضل تارڑ

جمعرات 31 دسمبر 2015 13:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31دسمبر۔2015ء) وزیر مملکت صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ صحت کارڈ پاکستان کی تاریخ میں صحت عامہ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ صحت پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو مدنطر رکھا گیا ہے۔ غریب عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا وزیراعظم نواز شریف کا خواب تھا۔ ان خیالات کا اطہار انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں قومی صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50 فیصد عوام غربت کی وجہ سے بیماری کا شکار ہیں۔ صحت پروگرام کا اجراء عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔ قومی صحت پروگرام کا اجراء وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ رکاوٹوں کے باوجود ایک سال میں صحت پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

غریب عوام کو صحت کی مفت اور معیاری سہولیات فراہم کرنا وزیراعظم نواز شریف کا خواب تھا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پاکستان کی تاریخ میں صحت عامہ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ اس پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارد کے ذریعے معمولی بیماریوں کے لئے 50 ہزار روپے رکھے گئے۔ اور مہلک بیماریوں کے علاج کے لئے 3 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مستحق افراد بھی معیاری نجی ہسپتالوں سے علاج کرا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے صحت کے لئے آسان قرضہ اسکیم کا بھی اجراء کیا ہے جس کے ذریعے نجی ہسپتال جدید طبی الات خرید سکیں گے۔