پاکستان اور بھارت کا ماحول کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کا فیصلہ،وفاقی وزیر ماحولیات سید واجد حسین بخاری کی بھارتی ہم منصب نامونارائن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 فروری 2008 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری۔2008ء) پاکستان اور بھارت نے ماحول کے شعبے میں تعاون مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ وفاقی وزیر ماحولیات سید واجد حسین بخاری اور بھارتی وزیر مملکت برائے ماحولیات اور جنگلات نامونارائن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ، دونوں ہمسایہ ممالک ماحول کے شعبے میں تعاون کے پیش نظر بنائی گئی تکنیکی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے ، دونوں وزراء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جھیلوں اوردریاؤں کو صاف رکھنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے گا ، اس کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیاء میں ماحول کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے کلین سویپ ڈویلپمنٹ میکنزم (سی ڈی ایم) کے شعبے میں مزید تعاون کو فروغ دیا جائے گا ، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید واجد حسین بخاری نے کہا کہ ماحول سے متعلق علاقائی کانفرنس آئندہ دو ماہ میں اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں سارک ممالک کے مندوبین جنوبی ایشیاء کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں گے ، ان تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ، بعد ازاں پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی سرگرمیوں کے باعث ہونے والے ماحولیاتی انحطاط کو روکنا اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاہم ترقی یافتہ ممالک کو ماحول کی بہتری کیلئے زیادہ فعال کردار اداکرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ تحفظ ماحول کے بغیر غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے حصل کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔

متعلقہ عنوان :