مٹھی میں ایک اور پھول مرجھا گیا ،تھرپارکر میں ہلاکتوں کی تعداد 30ہو گئی

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:23

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء)سندھ کے قحط زدہ ریگستانی علاقے مٹھی نے مزید 2 بچوں کو نگل لیا جس کے نتیجے میں رواں ماہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کم از کم 220 بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق نگرپارکر کے دیہی علاقے ڈیپلو سے ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے موجودہ صورتحال پر قائم کی جانے والی کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیرخوراک سید ناصر حسین شاہ نے مٹھی کے اسپتالوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے تسلیم کیا کہ علاقے میں قحط کی صورتحال ہے تاہم میڈیا کی جانب سے اسے خطرناک قرار دینا درست نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کے علاقے تھر کو موسمی اور ماحولیاتی حالات کے باعث ہر دس سال کے دوران 2 سے 3 سال قحط کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ علاقہ ہندوستانی علاقے راجستھان سے منسلک ہے اور وہاں پر بھی صورتحال یکساں ہے۔