قیمتوں کے تعین سے قبل ہی مارکیٹ میں ہپاٹایٹس کی دوائی کی فروخت شروع کردی گئی

پیر 11 جنوری 2016 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء)۱گرچہ ہپاٹائٹس کی ڈرگ کی قیمت کا تعین کرنے کے لیے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس ابھی تک نہیں ہوا ہے تاہم ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)کو شکایت ملی ہے کہ یہ دوائی مارکیٹ میں بکنا شروع ہوگئی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر محمد اسلم کا کہنا ہے کہ وہ اس ایشو کی تفتیش کریں گے ۔

اور اگر کمپنی ملک میں اس دوائی کو بیچنے میں ملوث پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔تاہم انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتاہے کہ یہ دوائی برآمد گی مقاصد کے لئے تیار کی گئی ۔میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی سی کی میٹنگ سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن کے بعد سے منعقد نہیں ہوسکی ہے کیونکہ 31 دسمبر کو ہونے والی میٹنگ کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے منعقد نہ ہوسکی ْ۔

(جاری ہے)

ڈریپ رواں ہفتے میٹنگ کے انعقاد میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ بعد سی کمپنیاں یہ دوائی تیارکرنے کے لیے تیارہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ کہ ڈریپ کو ایک شکایت موصول ہوئی ہے کہ جس میں دوائی کا فوٹو بھی دیکھاگیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایک کمپنی نے 28 گولیوں کا پیکٹ 2600 روپے میں مارکیٹ میں فروخت کرنا شروع کردیا ہے ۔عہدیدار نے کہا کہ یہ دوائی برآمدگی مقصد کے لیے تیار ہوتی نہیں دیکھائی دیتی کیونکہ پیکٹ پر ہدایات اردو زبان میں درج کی گئی ہیں اور قیمت روپوں میں دی گئی ہے ۔اگر میڈیسن برآمدگی مقاصد کے لیئے تیار کی گئی ہے توعربی یا انگریزی میں ہدایات درج ہوتیں۔