گمبٹ ، ڈاؤ اور ایس آئی یو ٹی میں جگر کی پیوند کاری شروع کی جارہی ہے، جام مہتاب حسین ڈھر

جمعہ 15 جنوری 2016 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز میں 21جنوری سے جگر کی پیوند کاری شروع کر دی جائے گی ۔ جبکہ ڈاؤ اور ایس آئی یو ٹی میں اگلے ماہ سے جگر کی پیوند کاری شروع ہو جائے گی ۔ علاوہ ازیں رواں مالی سال میں نیپا چورنگی ہسپتال میں 100بستروں کا اسپتال فعال ہوجائے گا اور اس میں او پی ڈی، بچوں کا وارڈ ، گائنی وارڈ ، آرتھو پیڈک وارڈ اور سرجری وارڈ شروع کر دئے جائیں گے ۔

یہ بات آج انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ادیب رضوی کی خدمات کے پیش نظر ایس آئی یو ٹی کی تما م ضروریات کو بروقت پورا کردیا جاتا ہے۔این آئی سی ایچ پر مریضوں کا دباؤ کم کرنے کے لئے جاپان کے تعاون سے نیو کراچی میں بچوں کے اسپتال کو انڈس کی معاونت سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سول اسپتال کراچی سمیت میٹرو پولیٹن سٹی کے تمام سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ تھر میں 85فیصد بچوں کو ویکسین کی سہولت میسر ہے اور اس حقیقت کو یو ایس ایڈ نے بھی تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر سول اسپتال کا شمار ایشیاء کے بڑے ٹراماسینٹرز میں سے ہے اور اس کے فعا ل ہوتے ہی ہزاروں مریضوں کو استفادہ ہوگا اور پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر طبی عملے کے خلاف سخت کاروائی کی جارہی ہے ۔ سیکڑوں ڈاکٹرز کو طویل غیر حاضری کے باعث بر طرف کردیا گیا ہے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے بد عنوان عملے کے خلاف بھی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بہت مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔