دودھ دینے والے جانوروں کو دی جانے والی خوراک بھی جعلی تیار ہونے لگی

ناکارہ کاٹن ‘ پرانے کپڑوں ‘ کیمیکلز کلر اور پھک وغیرہ سے جعلی کھل تیار کرنے کاانکشاف

پیر 18 جنوری 2016 13:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جنوری۔2016ء) دودھ دینے والے جانوروں کو دی جانے والی خوراک بھی جعلی تیار ہونے لگی ،ناکارہ کاٹن ‘ پرانے کپڑوں ‘ کیمیکلز کلر اور پھک وغیر ہ سے جعلی کھل تیار کرنے کاانکشاف ، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق کے حکم پر ضلعی محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم نے چھاپہ مار کر جعلی کھل تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی اور تیار کردہ ہزاروں من جعلی کھل اور استعمال ہونے والی متعدد اشیاء کو قبضہ میں لیکر فیکٹری کو سیل کر دیا ۔

آن لائن کے مطابق ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر صالحہ گل نے محکمہ کے دیگر افسران ڈاکٹر عتیق ‘ ڈاکٹر فائزہ ‘ مدثر زیدی ‘ ٹی ایم اے کے افسران اور پولیس کی نفری کے ہمراہ ماموں کانجن روڈ پر چک نمبر 400 گ ب گنڈاس والا کے قریب اقبال نامی شخص کی ملکیت المومن کاٹن فیکٹری پر چھاپہ مارا تو وہاں ناکارہ کاٹن ‘ پرانے کپڑوں ‘ کیمیکلز کلر اور پھک وغیر ملا کر جعلی کھل تیار ہو رہی تھی جسے فوری قبضہ میں لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس دوران فیکٹری کا ٹھیکیدار اور منشی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کے خلاف تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں مقدمہ کرادیا گیا جبکہ جعلی کھل کے نمونے حاصل کرکے تجزبہ کے لئے لیبارٹری بھیج دئیے گئے ہیں ۔ ڈی او لائیور سٹاک ڈاکٹر صالحہ گل نے بتایا کہ جانوروں کی صحت سے کھیلنے والے جعلی کھل کی تیار ی میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اس سلسلے میں شہری تعاون کرتے ہوئے جعلی کھل وغیرہ تیار کرنے والوں کی نشاندہی کریں ۔