دن میں دو بار دانتوں کو برش کرنا دل کے امراض سے بچنے کے لئے مفید ہے ،ماہر امراض قلب

جمعرات 21 جنوری 2016 12:14

دن میں دو بار دانتوں کو برش کرنا دل کے امراض سے بچنے کے لئے مفید ہے ،ماہر ..

نئی دہلی ۔ 21 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جنوری۔2016ء) دن میں کم از کم دو بار دانتوں کو برش کرنا دل کے امراض سے بچنے کے لئے مفید ہے ۔ یہ بات بھارتی ماہر امراض قلب ڈاکٹر سبھاش چندرا نے ایک انٹرویو میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ دانتوں اور مسوڑھوں کی دن میں کم از کم 2 بار صفائی ضروری ہے بصورت دیگر ان میں جمع ہونے والے بیکٹریا آسانی سے خون میں سرایت کر سکتے ہیں ۔

یہ بیکٹریا خون میں لوتھڑے بناتے ہیں جو خون کے دل کی طرف بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کر کے ہائی بلڈ پریشر اور دل کے دورے کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک 18سالہ لڑکی جس کے دل کے والوز سے خون رسنا شروع ہوگیا تھا کے علاج کے دوران انکشاف ہوا کہ ان کے دل کے والوز کی اندرونی تہوں کو نقصان پہنچانے والے بیکٹریا دراصل اس کے مسوڑھوں سے خون میں شامل ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ لوگ جن کے مسوڑھے اکثر خراب رہتے ہیں ان کے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ دانتوں اور مسوڑھوں کی صفائی کا مناسب خیال نہ رکھنے کے نتیجہ میں خون میں شامل ہونے والے بیکٹریا دل کے اندر پائے والی شریانوں میں انفیکشن پیدا کر کے اسے بیمار کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانتوں اور مسوڑھوں کی مناسب صفائی کا خیال نہ رکھنے والوں کے سانس اور معدے کے خطرناک امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔