انتخابات کے نتائج کسی ایک جماعت  طبقے یا گروہ کی نہیں بلکہ سارے پاکستان کی فتح ہے‘سردار قیوم

منگل 19 فروری 2008 15:48

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19 فروری2008 ) آزادکشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم  مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈمجاہداول سردار محمد عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے نتائج کسی ایک جماعت  طبقے یا گروہ کی نہیں بلکہ سارے پاکستان کی فتح ہے، ان نتائج کو خوشدلی سے قبول کرنا چاہئے اور اس نتیجے کو پاکستان اور جمہوریت کے حق میں موڑنا چاہئے۔

مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے منگل کو مجاہدمنزل میں مسلم کانفرنس کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اطہر مسعود وانی سے پاکستان میں عام انتخابات کی صورتحال اور مسلم کانفرنس کی پالیسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”فیئر“ الیکشن کروا کے فوج اور موجودہ حکومت اپنی ذمہ داری سے بخوبی عہدہ برآ ہوئے ہیں۔ اس ”فیئر“ الیکشن کا کریڈٹ فوج کو بھی جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سارے عرصے میں پاکستان میں دو ہی فیئر الیکشن ہوئے  ایک جنرل یحیٰی نے کرائے تھے اور اب صدر مشرف نے کرائے ہیں۔ ریاست جموں و کشمیر کے سینئر ترین رہنما نے کہا کہ اب ساری ذمہ داری منتخب ہونے والی سیاسی جماعتوں پر آگئی ہے کہ وہ مستقبل کے مسائل اور چیلنجز کو کیسے ہینڈل کرتے ہیں۔ اب دشمنی کی سیاست اور فتح و شکست کی بات کرنے کا اندازختم ہو جانا چاہئے۔

میرا مشورہ ہے کہ سب جماعتوں کو اپنا اپنا ایجنڈا ایک طرف رکھ کر پاکستان کا ایجنڈا اپنانا چاہئے۔ پاکستان کو سب سے پہلے رکھنے سے نہ کوئی مسئلہ ہوگا اور نہ ہی کوئی خرابی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بے شمار مسائل درپیش ہیں، ان میں پاکستان کا استحکام سرفہرست ہے اور جمہوریت کو صحیح معنوں میں قائم رکھنا  جس کی بنیاد یہ ہے کہ دوسرے کے حق کو پہچانا جائے اس کا اعتراف کیا جائے۔

دوسرے کے حق کا اعتراف نہ کرنے سے ہم جمہوریت سے دور ہوتے چلے گئے ۔ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے کہا کہ میں صدر پرویزمشرف کو فیئر الیکشن کرانے پر مبارکباد پیش کرتاہوں اور منتخب ہونے والے تمام لوگوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات اطہر مسعود وانی سے کہا کہ یہی مسلم کانفرنس کی پالیسی اور رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کی سب سے زیادہ ضرورت کشمیریوں کو ہے  یہاں جتنا استحکام ہوگا اتنا ہی کشمیر اور پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لئے ضروری ہوگا۔

متعلقہ عنوان :