سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایلوپیتھک کے علاوہ ہومیو پیتھک ، دیسی طب اور آکوپنکچر شروع کئے جارہے ہیں

صوبائی وزیر سید اختر حسین رضوی کا محکمانہ اجلاس سے خطاب ،

بدھ 20 ستمبر 2006 18:22

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل سید اختر حسین رضوی نے کہا ہے کہ تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایلوپیتھک کے ساتھ ساتھ دیگر طریقہ ہائے علاج جن میں ہومیو پیتھک ، دیسی طب اور آکوپنکچر شامل ہیں بھی شروع کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیگذشتہ روز محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ادارہ سوشل سکیورٹی کے کمشنر سید طاہر رضانقوی اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کے لئے مخصوص ہسپتالوں میں بہت جلد آلٹرنیٹو میڈیسن کے ڈاکٹر ز اور حکیم تعینات کردئیے جائیں گے۔ اس ضمن میں نئی اسامیوں کیلئے تعلیمی و پیشہ ورانہ معیار اور اہلیت طے کی جارہی ہے۔سید اختر حسین رضوی نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں 6لاکھ 26ہزار رجسٹر ڈ ورکرز اور ان کے 37 لاکھ سے زائد اہل خانہ کا فری علاج معالجہ کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہیں ہر قسم کی ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایلو پیتھک کے ساتھ ساتھ دیگر طریقہ ہائے علاج کو بھی ماہرین صحت نے مستند اور مفید قرار دیاہے۔ اس لیے محکمہ محنت نے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے یہ سہولت مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سے انہیں علاج کی اضافی اور متبادل صورت میسر آئے گی۔