امین فہیم”ہومیو پیتھک“ طبعیت کے مالک ہیں۔ حافظ حسین احمد۔۔۔پرویز مشرف کیلئے جمالی‘شجاعت اور شوکت عزیز کی کمی پوری کر دیں گے

منگل 26 فروری 2008 15:53

اوکاڑہ چھاؤنی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26 فروری2008 ) جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مخدوم امین فہیم ”ہومیوپیتھک“ طبعیت کے مالک ہیں لہذا وہ وزیراعظم بنے تو پرویز مشرف کیلئے ظفراللہ جمالی‘ شجاعت اور شوکت عزیز کی کمی پوری کر دیں گے پرویز مشرف تو 2002 میں بھی امین فہیم کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے تھے اگر 2008ء میں بھی اسی فارمولے پر عملدرآمد ہونا ہے تو پھر بے نظیر بھٹو کی قربانی کا کیا نتیجہ نکلا- قاضی حسین احمد اگر ایم ایم اے کے ساتھ نہیں چل سکتے تو اے پی ڈی ایم کے ساتھ بھی نہیں چل سکیں گے کیونکہ اے پی ڈی ایم کسی بھی صورت میں ایم ایم اے کا متبادل نہیں- این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ مخدوم امین فہیم اور آصف علی زرداری کے بیانات سے نہیں لگتا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اکٹھے چل سکیں گے کیونکہ میاں نواز شریف اور اے پی ڈی ایم والے پرویز مشرف اور ججز کی بحالی کے حوالے سے اتنا آگے جا چکے ہیں کہ واپسی ممکن دکھائی نہیں دیتی انہوں نے کہا کہ آئندہ تین چار روز میں یہ بات واضح ہو جائے گی کہ میثاق جمہوریت کا علم آگے بڑھتا ہے یا بے نظیر بھٹو اور مشرف کے مابین طے پانے والا مفاہمتی فارمولا غالب آتا ہے ایک سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم کے حوالے سے قاضی حسین احمد آج بھی ہمارے صدر ہیں ہم نے انہیں صدارت سے نہیں ہٹایا اور نہ ہی قاضی صاحب نے ہمیں ایم ایم اے سے عاق کیا ہے پانچ روز بعد دنیا دیکھے گی کہ قاضی حسین احمد ہی ایم ایم اے کا اجلاس بلائیں گے جس کے بعد مجلس عمل فعال ہو گی انہوں نے کہاکہ دیکھنا یہ ہے کہ کون پرانی تنخواہ پر کام کرتا ہے عوام کی مرضی کے خلاف کئے گئے فیصلے کرنے والے مقبول ہونے کی بجائے انتہائی غیر مقبول ہوں گے-