کراچی ، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پردہٴ بصارت کی سرجری کا آغاز

پیر 8 فروری 2016 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اوجھا کیمپس میں قائم شعبہ برائے امراضِ چشم میں پیر کوپردہ ٴبصارت کی سرجری (وائیٹریوریٹینل سرجری )کا آغازکردیا۔ سرجری کا آغاز اوجھا کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی جناح ہسپتال کے سابق پروفیسر اور الاابراہیم آئی ہسپتال کے سربراہ پروفیسر صالح میمن تھے۔

اس موقع پر ماہرین برائے امراضِ چشم بشمول پروفیسر رشیدکھوکھر، پروفیسر شاہدوہاب، پروفیسر مظہر الحسن، پروفیسر محمد مسرور، پروفیسر رعنا قمر، ڈاکٹر سرفرازسمیت یونیورسٹی کے دیگر فیکلٹی اراکین موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر صالح میمن نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی شرح کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کی بنیادی وجہ شہر میں اس مرض کے علاج کی سہولت اور تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی کمی ہے۔

(جاری ہے)

پردہ ٴبصارت کی سرجری کیلئے تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے اور ڈاکٹروں کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ڈاؤیونیورسٹی اور الاابراہیم آئی ہسپتال کے ساتھ آئندہ ہفتے سے ڈاکٹروں کاتربیتی تبادلہ کریگی۔بعدازاں انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر مسعود حمید خان کو شعبہ امراضِ چشم میں سرجری کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مسعودحمید خان نے کہاکہ ڈاؤیونیورسٹی نے آغاز سے اب تک اعلیٰ طبی تعلیم کے ساتھ ساتھ اوجھاکیمپس میں مختلف شعبہ جات قائم کرکے عوام الناس کو عزت نفس کے ساتھ صحت کی اعلیٰ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

اسکے علاوہ انہوں نے یونیورسٹی میں زیر تربیت طلباء و طالبات کو تربیت یافتہ فیکلٹی اراکین سے استفادہ حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔بعدازاں پروفیسر مظہر الحسن اورپروفیسر رشید کھوکھر نے پردہٴ بصارت کی سرجری کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :