ڈاکٹر عبدالقدیر خان طبیعت خراب ہونے کا باعث ہسپتال منتقل۔ڈاکٹر خان کی صحت کے بارے میں عوام کو مطلع کیا جاتا رہے گا۔ترجمان پاک فوج

بدھ 5 مارچ 2008 14:46

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2008ء) پاکستان کے جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خرابی صحت کی وجہ سے بدھ کی صبح طبی معائنہ کرانے کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔پاکستان کے فوجی ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ ڈاکٹر خان فشارِ خون کی کمی یعنی ’لو بلڈ پریشر‘ اور بخار کی بیماری میں مبتلا ہیں جو کہ شاید انہیں انفیکشن ہونے کی وجہ سے ہوا ہو۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خان کے مثانے میں کینسر کی تشخیص کے بعد ستمبر سن دو ہزار چھ کو کراچی میں آپریشن کیا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے ان کے آپریشن کو کامیاب قرار دیا تھا۔فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو ڈاکٹر خان نے کمزوری کی شکایت کی جس پر انہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ ان کے معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ہسپتال میں منتقلی کے بعد ڈاکٹروں کا وہ ہی پینل ان کی نگہداشت کر رہا ہے جو پہلے سے ان کا علاج معالجہ کرتے رہے ہیں۔ ان ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر قدیر خان کو چند روز میں واپس اپنے گھر منتقل کردیا جائے گا۔فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر خان کی صحت کے بارے میں عوام کو مطلع کیا جاتا رہے گا۔