راج گڑھ میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں کی پولیو ورکرز کی ٹیم پر فائرنگ سے ایک ورکرزخمی ،میو ہسپتال منتقل ،وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی

بدھ 17 فروری 2016 14:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ راج گڑھ میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں کی پولیو ورکرز کی ٹیم پر فائرنگ سے ایک ورکرزخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیاگیا ،اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کیساتھ علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ۔

بتایاگیا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز پولیو ورکرز کی ایک ٹیم ساندہ کے علاقے راج گڑھ میں بچوں کو قطرے پلانے کیلئے موجود تھی کی کہ اسی دوران نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کی زد میں آکر ایک پولیو ورکر عمر شدید زخمی ہو گیا جسے ریسکیو 1122کی ایمبولینس کے ذریعے میو ہسپتال پہنچایا گیا ۔

فائرنگ کے واقعہ میں دیگر پولیو ورکرز محفوظ رہے تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ اطلاع ملنے پر ایس پی اقبال ٹاؤن کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ پولیو ورکرز اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے ۔ جبکہ قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ ملزمان کو ہر صورت گرفتاری کیا جائے گا اور اس کیلئے انٹیلی جنس ، ٹیکنیکل انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع استعمال کرینگے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی پولیو ورکرز کی ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق راج گڑھ میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس تھانوں کو اپنی اپنی حدود میں پولیو مہم کے آخری روز بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف پولیو ورکرز کی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

علاوہ ازیں نصیر آباد کے علاقہ ماڈل کالونی میں پولیس نے پولیو ورکرز سے تلخ کلامی کرنے والے شہری شکیل کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :