آمدنی میں کمی یا دولت کو کھونا ذہنی طور پر پریشانی کے ساتھ جسمانی تکلیف کا باعث بھی ہوتا ہے‘ تحقیق

منگل 23 فروری 2016 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء)آمدنی میں کمی یا دولت کو کھونا صرف ذہنی طور پر پریشانی کا باعث نہیں بنتا بلکہ جسمانی تکلیف کا باعث بھی ہوتا ہے۔یہ بات امریکہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ورجینیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر کسی گھرانے میں بیروزگار افراد زیادہ ہو تو وہاں درد کش ادویات کا استعمال ایسے گھرانے سے 20فیصد زیادہ ہوتا ہے جہاں کم از کم ایک شخص ملازمت کررہا ہو۔

محققین کے مطابق اس کی ممکنہ وجہ اپنی زندگیوں پر کنٹرول کی کمی کا احساس ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ مالی عدم تحفظ اور جسمانی درد کی شکایات کے درمیان تعلق موجود ہے اور ایسی صورت میں لوگوں کے اندر ذہنی بے چینی، ڈر اور تنا بھی پیدا ہوتا ہے۔اس تحقیق کے دوران محققین نے 33ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کو اکھٹا کرکے ان کا جائزہ لیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ عمر، منفی جذبات اور ملازمت کی حیثیت جیسے عوامل کو قطع نظر کر دیا جائے تو بھی کم آمدن جسمانی تکالیف میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔محققین کے مطابق جسمانی درد کی جڑیں اقتصادی عدم تحفظ اور زندگیوں پر کنٹرول نہ ہونے کے احساس میں چھپے ہونے کی دریافت سے ایسے افراد کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔