جامع حکمت عملی کے تحت سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کی موثرانداز میں مانیٹرنگ کی جارہی ہے ‘ سیکرٹری صحت پنجاب

ہفتہ 27 فروری 2016 15:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر شعبہ صحت کے استحکام اورجدید ومعیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں نئے ہسپتالوں کے قیام کے علاوہ موجودہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور انہیں جدید طبی مشینری سے آراستہ کیاجارہا ہے،اس ضمن میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،جامع حکمت عملی کے تحت سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کی موثرانداز میں مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات الائیڈ ہسپتال،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال جنرل ہسپتال غلام محمد آباد اور چلڈرن ہسپتال فیصل آبادکے دورہ کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

چیف پلاننگ آفیسر محکمہ صحت عبدالحق بھٹی اوردیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرسردار فریدظفر،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹرراشد مقبول،ڈاکٹرعبدالرؤف،ڈاکٹر محمد عباس اور ڈاکٹرخالد محمودفخرنے انہیں ہسپتالوں کی کارکردگی،درکار وسائل اور دیگر اہم طبی وانتظامی امورکے بارے میں آگاہ کیاجبکہ انچارج شعبہ یورالوجی ڈاکٹرصفدرحسن سیال اورڈاکٹر غلام محبوب سبحانی نے سیکرٹری صحت کو کڈنی سنٹر کے قیام کے مختلف مراحل اوردستیاب سہولتوں کے بارے میں بتایا۔

سیکرٹری صحت نے ڈاکٹرز ودیگرعملہ سے کہا کہ وہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے مریضوں کے علاج معالجہ اورنگہداشت پر توجہ دیں تاکہ سرکاری ہسپتالوں پرعوامی اعتمادمضبوط ہو۔انہوں نے انتظامی افسران سے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے۔انہوں نے ہسپتالوں میں طبی مشینری اورتمام ترتشخیصی انتظامات کوفعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ نظم ونسق ان کا طرہ امتیاز ہوناچاہیے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے الائیڈ ہسپتال میں برن یونٹ کاتفصیلی معائنہ کیا اورمعمولی نوعیت کی تعمیرومرمت کوفوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے شعبہ امراض چشم کامعائنہ کرتے ہوئے علاج کے عمدہ معیاراور آنکھوں کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشنز کے انتظامات کو سراہا۔انہوں نے میڈیکل ایمرجنسی وارڈ کے معائنہ کے دوران مریضوں سے ادویات کی فراہمی اوردیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اورالائیڈ ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اپنے اطمینان کااظہار کیا۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں کڈنی سنٹر میں ڈائیلاسسز مشینوں اورشعاعوں سے گردے ومثانے کی پتھری توڑنے والی پہلی لیتھوٹرپسی مشین کی دستیابی پربھی اظہاراطمینان کیا۔انہوں نے صفائی کی صورتحال اور باتھ رومزبھی چیک کئے۔نجم احمد شاہ نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کو مکمل فنکشنل کرنے کے سلسلے میں درکار وسائل اورانتظامی رکاوٹوں کاجائزہ لینے کے لئے سوموار 29فروری کو اجلاس لاہور میں طلب کرلیاہے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے اپنے دورہ کے دوران جنرل ہسپتال میں بعض طبی شعبوں میں سہولیات کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دوسال قبل عمارت مکمل ہونے کے باوجود بعض شعبے پوری طرح فنکشنل نہیں ہیں جو مریضوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔انہوں نے انتظامی افسران کو میڈیکل سروسز اوردیگر انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں شعبہ صحت کو مخیر حضرات کی گرانقدر معاونت انتہائی خوش آئندہ ہے ۔انہوں نے مخیر صنعتکاروں کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے سرکاری ہسپتالوں میں رفاحی کام کرانے پران کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :