گرمیوں میں سادہ غذا، دہی اور سبزیوں کا استعمال انتہائی مفید ہے، ماہرین طب

پیر 29 فروری 2016 14:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) گرمی کے موسم میں درجہ حرارت میں اضافے سے جسم کی حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے، کراچی میں موسم تبدیل ہورہا ہے اس موسم میں ہیضہ، ڈائریا ہوسکتا ہے، گرمی میں ڈائریاسب سے زیادہ بچوں کومتاثر کرتا ہے۔یہ بات ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر شکور عباسی نے گفتگو میں بتائی انھوں نے کہاکہ باسی کھانوں اور آلودہ پانی پینے سے پیٹ اور آنتوں کے امراض جنم لیتے ہیں، اسکولوں کے باہر ٹھیلوں پرفروخت کیے جانے والے رنگ برنگی گولے گنڈے اورباسی چاٹ کھانے سے بچوں کو ڈائریا ہوسکتا ہے۔

ماہرین طب کاکہناہے کہ شہری شدید گرم موسم میں پانی ساتھ رکھیں، پسینے خارج ہونے کی صورت میں پانی پیتے رہیں، پانی کی کمی سے جسم میں نمکیات کم ہوجاتے ہیں جس سے سر درد، چکرآنا، متلی ہونا شروع ہوجاتی ہے ایسی صورت میں متاثرہ افرادکوٹھنڈی جگہ منتقل کرنا چاہیے اور پانی زیادہ سے زیادہ پلایا جائے، گرمیوں میں سبزیوں سمیت دیگرسادہ غذااوردہی کااستعمال مفیدرہتا ہے،دہی کے باقاعدگی سے استعمال سے پیٹ کے افعال درست رہتے ہیں گھر کے تیارکردہ مشروبات لیمو پانی انتہائی مفید ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

گرمیوں میں بجلی کی بندش طویل ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے فریج میں رکھے گئے کھانوں اورگوشت میں جراثیم کی نشوونما ہونے لگتی ہے لہذا شہری فریج میں زیادہ عرصے تک رکھی گئے کھانے نہ کھائیں ،باسی کھانے کھانے سے ہیضہ ہوسکتاہے جس میں قے کے ساتھ اسہال کی شکایت ہوتی ہے ایسی صورت میں متاثرہ افرادکو او آر ایس کا پانی پلایا جائے۔