فربہ خواتین و حضرات صرف 5 فیصد وزن کم کرکے بہت سے فوائد حاصل کرسکتے ہیں

پیر 29 فروری 2016 14:41

فربہ خواتین و حضرات صرف 5 فیصد وزن کم کرکے بہت سے فوائد حاصل کرسکتے ہیں

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو خواتین و حضرات اپنا وزن کم کرنے میں مشکلات کے شکار ہیں اگر وہ صرف پانچ فیصد وزن بھی کم کرلیں تو اس کے بہت سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔واشنگٹن یونیورسٹی میں غذائی سائنس کے ماہر سموئیل کلائن کہتے ہیں کہ ان کا سروے بتاتا ہے کہ صرف 5 فیصد وزن کم کرنے سے بہت حد تک فائدے حاصل ہوسکتیہیں۔

اگرچہ بھرپور فائدہ 10 فیصد وزن کم کرنے میں ہے لیکن 5 فیصد کا سنگِ میل عبور کرکے بقیہ ہدف آسان ہوجاتا ہے جس سے دل اور ذیابیطس کے امراض کو ٹالا جاسکتا ہے جبکہ یہ جگر کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔اس تحقیق میں 19 رضاکاروں کو شامل کیا گیا اور ان کا وزن کرنے کے بعد ان کا 5 فیصد وزن کم کرایا گیا تو معلوم ہوا کہ لبلبے میں انسولین خارج کرنے والے بی ٹا سیلز بہتر ہوگئے، جگر اچھا کام کرنے لگا اور اس پر سے بھی چربی کم ہونی شروع ہوگئی۔

(جاری ہے)

تجربے کے بعد 9 افراد نے اپنا وزن کم کرنے کی کوشش جاری رکھی اور اس میں 15 فیصد تک کم کیا اور بی ٹا خلیات انسولین پیدا کرنے لگے لیکن جگر کی چربی کم نہ ہوئی اور وہ اتنی ہی رہی جو پانچ فیصد وزن کم کرنے پرتھی جب کہ بدن کے بقیہ حصوں کی چربی بہت کم ہوئی۔ماہرین اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وزن کم کرنے سے جسم کے تمام اعضا یکساں طورپربہترنہیں ہوتے اور ہرایک اپنے لحاظ سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ وزن کم ہوتا رہے تو پٹھوں (مسلز) کے ٹشوز بہتر ہوتے رہتے ہیں لیکن جگراور بقیہ چربی کم نہیں ہوتی اور اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ 5 فیصد وزن کم کرنے سے حاصل ہوجاتا ہے۔