کیوبا میں زیکا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

جمعرات 3 مارچ 2016 14:24

ہوانا ۔ 03مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مارچ۔2016ء) کیوبا میں زیکا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ ایک کیوبن لیڈی ڈاکٹر میں زیکا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ان کو ہوانا کے ایک ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے ۔ 28 سالہ لیڈی ڈاکٹر جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے کے متعلق جمعرات کو کیوبا کے وزارت صحت نے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں وسطی امریکی ملک سے اپنی پوسٹ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد واپس آئی تھیں ۔

(جاری ہے)

لیڈی ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے شوہر کو دو ماہ قبل زیکا وائرس لاحق ہوا جبکہ میرے دیور بھی اس میں مبتلا ہوئے تاہم صحت یاب ہوگئے ۔ وزارت صحت کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کیوبا کے ایک صوبے کے ہاسٹل میں رہی جہاں ان کا 37دوسرے ڈاکٹروں سے معمول کا میل جول رہا تاہم ان میں سے کسی میں ابھی ذیکا وائرس لاحق ہونے کے اثرات سامنے نہیں آئے۔ کیوبا نے اپنے بندرگاہوں اور ایئر پورٹس پر امریکا اور انگولا سے آنے والے افراد کے میڈیکل چیک اپ کا انتظام کر رکھا ہے ۔ غیر ملکی طالبعلموں کو کیوبا میں داخلے کیلئے ہیلتھ سرٹیفیکیٹ دینا پڑتا ہے۔