مارچ، اپریل میں بھرپور ڈینگی سرویلنس بیماری کو پھیلنے سے روکے گی‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 3 مارچ 2016 14:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) مارچ اور اپریل کے مہینوں میں بھرپور ڈینگی سرویلنس بیماری کو پھیلنے سے روکنے میں بہت معاون ثابت ہوگی،تمام سرکاری محکمے اور ادارے طے شدہ معیارات ( ایس او پیز ) کے مطابق انسداد ڈینگی کے اقدامات جاری رکھیں، ڈینگی سرویلنس کے دوران رپورٹ ہونے والے لاروے کو تجزیہ کیلئے باقاعدگی کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ بھجوایا جائے۔

یہ بات مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی کرن ڈار کے علاوہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر مختار حسین سید ، ڈی سی او شیخوپورہ، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، وفاقی محکموں اور کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان کے کمشنرز ، ڈی سی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اپنے ڈویژن میں ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریف کیا۔ انہوں نے بتایاکہ صوبے میں ابھی ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا تاہم ڈینگی سرویلنس مہم بھرپور طریقہ پر جاری ہے جس کے نتیجے میں لاہور اور راولپنڈی کے مختلف ٹاؤنز سے لاروا رپورٹ ہو رہا ہے۔

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے انتظامات مکمل ہیں اور کنٹونمنٹ بورڈاور پاک فوج کے زیراستعمال علاقوں میں مقامی حکام کے تعاون سے ڈینگی سرویلنس جاری ہے۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ شیخوپورہ میں اینٹامالوجسٹ اور سرویلنس ٹیموں کو مزید متحرک کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالا میں سرویلنس کی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔

انہوں نے تمام بڑے ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز فعال کرنے اور آگاہی کیلئے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی بلڈنگز اور دیگر جگہوں پر بھی صفائی کا خیال رکھیں اور ڈینگی بریڈنگ کے سپاٹس کو ختم کریں۔ انہوں نے کہاکہ کباڑخانوں، قبرستانوں، تعمیراتی جگہوں اور ٹائرشاپس کی سرویلنس خصوصی طور پر کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :