پاکستان میں تپ دق (ٹی بی) کے خلاف جنگ کو تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے، ماہرین

جمعرات 3 مارچ 2016 16:29

کراچی ۔ 3 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) اسٹاپ ٹی بی پاکستان کے چیئرمین پروفیسر مسعود حمید خان اور وائس چیئرمین ڈاکٹر شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں تپ دق (ٹی بی) کے خلاف جنگ کو تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے، ٹی بی کے متاثرہ افراد کی تشخیص اور علاج کی مفت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں اسٹاپ ٹی بی پاکستان کے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اور صوبائی سطح پر ٹی بی کے خلاف جنگ میں ارکان پارلیمنٹ، تاجر برادری اور کارپوریٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے، ملک سے ٹی بی کے خاتمے کے لئے مریضوں اور عوام الناس کے لئے آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں پتہ چل سکے اور وہ اس کے علاج کیلئے جلد رجوع کر سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی اور صوبائی کوآرڈینیٹر اور چاروں صوبوں کے فوکل پرسنز سمیت ماہرین تپ دق نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایگزیکٹوکونسل اراکین نے اپنی تجاویزات دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں قومی اور صوبائی سطح پر اسٹاپ ٹی بی پاکستان کے دفاتر قائم کئے جائیں۔ اجلاس میں اراکین نے پورے ملک میں مختلف اسکولوں اور کالجوں میں طلباء اور اساتذہ میں آگاہی مہم شروع کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :