سائنس دانوں کا سرطان کے مرض کے علاج میں اہم پیشرفت کا دعویٰ

ہفتہ 5 مارچ 2016 17:22

لندن ۔ 5 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مارچ۔2016ء) سائنس دانوں نے سرطان کے مرض کے علاج میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے ۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونیورسٹی کالج کے محققین نے کینسر کے نئے طریقہ علاج میں پیشرفت کا دعوی کیا ہے جس کے تحت مضر صحت کیمو تھراپی کی بجائے اب مریض کے قوت مدافعت کے نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے علاج پر توجہ دی جائے گی۔

سائنس دانوں کے مطابق انہوں نے اس طریقہ علاج کیلئے ایک راستہ دریافت کرلیا ہے اور یہ سرطان کے علاج میں ’’گیم چینجر‘‘کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس طریقہ علاج کے تحت سرطانی خلیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے اور جسم کے مدافعتی نظام کو ان اہدافی خلیوں کو نشانہ بنانے کے قابل بنایا جاتا ہے ۔ اس تحقیق سے وابستہ محقق سرجیوگوئیڈیڈا نے بتایا کہ اس طریقہ علاج میں رد عمل بہت مخصوص ہوتا ہے اور یہ اب تک کے کینسر کے علاج سے بالکل مختلف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس دریافت کو ایک گیم چینجر قرار دیا ۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب خطرناک کیموتھراپی کی بجائے انسان کے مدافعتی نظام سے حاصل کردہ ویکسین سے اس مرض کا علاج ہوگا۔ یہ ویکسین سرطانی خلیوں کی پروٹین سے حاصل کی جائے گی تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ علاج ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس میں مزید تحقیق کی جارہی ہے ۔