بچوں کا گلا خراب ہونے پر فوری معالج سے رابطہ کی ہدایت

بدھ 9 مارچ 2016 13:38

فیصل آباد۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء ) فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ممتاز کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر فیصل علی نے بتایاہے کہ بچوں میں گلے کی خرابی یا گلے سے متعلق مستقل بیماری کی وجہ سے دل کے والو متاثر ہونے کے خدشات ہوتے ہیں اس لئے بچوں کا گلا خراب ہونے کی صورت میں انہیں فوراً معالج کو چیک کرانے کے بعداس کا مکمل علاج کرانا چاہیے۔

انہوں نے بتایاکہ بچوں میں گلے کی بیماری‘ اس کے علاج اور پرہیز سے متعلق شعور بیدار کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر کی طبی نقطہ نظر سے وضاحت کی کہ کس طرح گلے کے امراض بچو ں کے دلوں کے والوز کو متاثر کرتے ہیں اور انہیں گلے کی مختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے کیا کیا احتیاطی تدابیر اختیارکرنی چاہئیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی سی میں دل کے والوز سے متاثرہ بچوں کو علاج کیلئے لایا گیا جنہیں یہ عارضہ گلے کی بیماری کی وجہ سے ہوا جہاں ان کے علاج کیلئے سہولیات فراہم کی گئیں اسلئے طلباء و طالبات کے تعلیمی اداروں میں معلوماتی لیکچرز دینے کا بھی سلسلہ شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ اس دوران سوال و جواب کی نشستیں منعقد کرکے بچوں پر صورتحال کو واضح کرنے میں مدد مل سکے۔