حکومت ، صحت اور تعلیم کے شعبہ پر بھرپور توجہ دے گی ، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے،وفود سے گفتگو

جمعرات 27 مارچ 2008 22:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2008ء) وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نئی حکومت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن پر سختی سے کار بند رہے گی اور خاص طور پر ملک بھر میں عوام کو صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے گی ، انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پیپلز ڈاکٹرز فورم سندھ اور پیپلز انجینئرز فورم نوا شابہ کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت خاص طور پر ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی ، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اس وقت ملک کو درپیش تمام چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی ، وفود نے زیر حراست ججوں کی رہائی کیلئے وزیر اعظم کے جاری کردہ حکم کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے حکومت کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے ، انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ عوام اور سندھ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی کو سراہاہے کیونکہ وہ پارٹی کے تجربہ کار رہنماء ہیں اور انہوں نے پارٹی اور جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ، پیپلز ڈاکٹرز فورم سندھ کے صدر ڈاکٹر کریم خواجہ نے وفد کی قیادت کی جبکہ وفد میں ڈاکٹر محمد بخش ، ڈاکٹر عاشق شاہ ، ڈاکٹر محمد بھٹی ، ڈاکٹر امجد بھٹی ، ڈاکٹر اسماعیل پلیجو اور ڈاکٹراسماعیل میمن شامل تھے ، پیپلز انجینئرز فورم نوابشاہ کے وفد کی قیادت شہاب الدین بھٹی نے کی ، پی پی پی ملتان کے عہدیدار رانا دلمیر خاننے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔

متعلقہ عنوان :