ماں اور بچہ کی صحت کے پیغام پر عمل درآمد کیلئے علماء کرام کا تعاون ناگزیر ہے، سیکرٹری بہبود آبادی خیبر پختونخوا

جمعہ 18 مارچ 2016 15:09

ہری پور۔ 18 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مارچ۔2016ء) محکمہ بہبود آبادی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری فضل نبی خان نے کہا ہے کہ ماں اور بچہ کی صحت کے پیغام پر عمل درآمد کیلئے علمائے کرام کا تعاون ناگزیر ہے، علماء کرام خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے عوام میں پائے جانے والے تحفظات کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دور کریں کیونکہ خیبر پختونخوا میں زچگی کے دوران اموات کی شرح دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ خیبر پختوا حکومت نے دیگر صوبوں سے پہلے محکمہ بہبود آبادی کی پالیسی سال 2015ء کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت خاندانی منصوبہ بندی کا پیغام ہر علاقہ میں میں پہنچایا جائے گا، اس مہم میں علماء کرام سمیت معاشرہ کے دیگر لوگوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وہ خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے حوالہ سے علماء کرام کے کردار پر 2 روزہ انٹرنیشنل کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ایران، انڈونیشیا اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مذ ہبی سکالرز اور ضلع ہری پور، نوشہرہ اور پشاور کے علماء کرام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل نبی خان نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے سب سے پہلے نیشنل پاپولیشن پالیسی بنائی تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکی اور اب بھی ہر آدھے گھنٹے میں ایک ماں زچگی کے دوران موت کا شکار ہو رہی ہے، اگر پاکستان کی آبادی اسی تناسب سے بڑھتی رہی تو 2050ء میں پاکستان کی آبادی 49 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

اس موقع پر انٹرنیشنل سکالر ڈاکٹر راغب، رشان موسٰی، احمد جب اور ڈاکٹر میر علی نے بھی خطاب کیا۔ تقر یب کے پہلے روز صوبائی وزیر بلدیات عنایت الله خان ایڈووکیٹ، چےئرمین سٹینڈ نگ کمیٹی برائے بہبود آبادی خیبر پختونخوا اسمبلی نسیم حیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔کانفرنس کے دوسرے روز ڈاکٹر خدیجہ عزیز اور ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مہر تا ج روغانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ بچہ کی مکمل غذا ہے، زچگی کے دوران ماں کے مر جانے سے بچہ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ اکثر و بیشتر اچھے علاج کی عدم فراہمی، حفظان صحت کے اصولوں سے نا واقفیت اور دیگر بیماریوں کے باعث مائیں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتیں ہیں۔

تقر یب میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ بہبود آبادی عمران شاہ، ڈسٹر کٹ پاپولیشن آفیسر ہری پور بختیار خان و محکمہ بہبود آبادی کے صوبائی و ضلعی افسران اور فیملی پلاننگ کے افسران نے بھی شرکت کی۔